امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے غزہ میں جلد جنگ بندی معاہدےکی امید ظاہرکردی ۔
وزیرخارجہ مارکو روبیو کاکہنا ہےکہ مشرق وسطیٰ کے لیے امریکا کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف جنگ بندی مذاکرات پر دن رات کام کر رہے ہیں، انہوں نے دعویٰ کیا کہ وٹکوف نےکافی کامیابی حاصل کی اور وہ معاہدے کے قریب ہیں۔
امریکی وزیرخارجہ کاکہنا تھا کہ ہم پُر امید ہیں کہ اب کسی بھی دن غزہ میں جنگ بندی معاہدہ ہوجائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ معاہدےکے تحت لاشوں اور نصف یرغمالیوں کو رہاکیا جائےگا اور 60 دن کی جنگ بندی کے اختتام پر باقی یرغمالیوں کو بھی رہا کر دیا جائے گا، مارکو روبیو نے کہا کہ تمام امریکی رہا ہوچکے ہیں لیکن ہمیں تمام یرغمالیوں کی فکر ہے۔
مارکو روبیو نے فلسطینی مزاحمتی تنظیم کو پیغام دیا کہ غزہ میں جو کچھ ہو رہا ہے اس کا ایک بہت آسان حل ہے، اگر تمام یرغمالیوں کو رہا کر دیا جائے اور حماس اپنے ہتھیار ڈال دے تو غزہ میں جنگ ختم ہو جائے گی۔
یاد رہے کہ چند روز قبل امریکا اور اسرائیل نے مصر اور قطر کی ثالثی میں دوحہ میں ہونے والے غزہ جنگ بندی مذاکرات سے اپنے وفود واپس بُلا لیے تھے۔
اس حوالے سے امریکی نمائندہ خصوصی اسٹیو وٹکوف نےدعویٰ کیا تھاکہ ثالثوں نے بہت کوشش کی لیکن حماس کی نیک نیتی اور غزہ جنگ بندی کی خواہش نظر نہیں آئی۔