فرضی ممالک، عالیشان بلڈنگ اور لگژری گاڑیاں، جعلی سفارتخارنہ چلانے والا ملزم گرفتار

بھارتی دارالحکومت دہلی سے جعلی سفارتخانہ چلانے والے شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق بھارت کی اتر پردیش اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) نے دارالحکومت دہلی کے مضافات میں واقع  علاقے غازی آباد سے 47 سالہ ہرش وردھن جین نامی شخص کو گرفتار کیا جو  جعلی سفارت خانہ چلا رہا تھا۔

رپورٹ کے مطابق پولیس کو جعلی سفارت خانے کی بلڈنگ سے 44 لاکھ سے زائد بھارتی روپے، لگژری گاڑیاں، غیر ملکی کرنسی، سفارتی نمبر پلیٹس، مائیکرو نیشنز کے جعلی سفارتی پاسپورٹ، جھنڈے،  وزارتِ خارجہ کے جعلی دستاویز اور دنیا کے کئی لیڈرز کے ساتھ جین کی ایڈٹ شدہ تصاویر بھی ملیں۔

خبر ایجنسی کے مطابق ہرش وردھن جین خود کو ’سیبورگا‘، ’ویسٹ آرٹیکا‘،  ‘لیڈونیا’ اور  ایک فرضی ملک پولویا کا سفارت کار یا نمائندہ ظاہر کرتا تھا تاہم جین اصل میں غیر ملکی کمپنیوں کا نام استعمال کرکے منی لانڈرنگ کرتا تھا جب کہ جین پر جعلی دستاویزات بنانے کا الزام بھی ہے۔

کیا دنیا میں ویسٹ آرٹیکا، سیبورگا اور پولویا نام کے ملک ہیں؟ 

ویسٹ آرٹیکا

ویسٹ آرٹیکا حقیقت میں کوئی ملک نہیں بلکہ ایک مائیکرونیشن ہے جو کہ انٹارکٹیکا میں واقع ایک علاقہ ہے خود کو آزاد ریاست کہتا ہے تاہم دنیا کا کوئی ملک اسے تسلیم نہیں کرتا۔

سیبورگا

سیبورگا دراصل اٹلی میں واقعہ ایک گاؤں ہے اور ایک مائیکرونیشن ہے یعنی ایک چھوٹا علاقہ جو خود سے آزادی کا دعویٰ کرتا ہے تاہم اسے کوئی تسلیم نہیں کرتا۔

 پولویا

ہرش وردھن جین جن ممالک کے سفارت خانے چلا رہا تھا ان میں ایک پولویا نام کا ملک بھی ہے تاہم دنیا میں ایسا کوئی ملک یا علاقہ نہیں ہے اور ممکنہ طور پر جین نے لوگوں کو دھوکا دینے کے لیے یہ نام خود سے گھڑا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے