کمبوڈیا کے ساتھ جھڑپوں میں تھائی لینڈ کے 11 شہری ہلاک ہو گئے جبکہ تھائی لینڈ نے جھڑپوں کے بعد سرحد پر ایف سولہ جنگی طیارے پہنچا دیے ہیں۔
تھائی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ کمبوڈیا نے حملوں میں اسپتال سمیت شہری علاقوں کو نشانہ بنایا، کمبوڈین فوج کے حملوں میں جانی نقصان اور ہلاکتیں ہوئیں۔
تھائی وزارت صحت کا اس حوالے سے بتانا ہے کہ کمبوڈین فوج کے حملوں میں 11 افراد ہلاک ہوئے جبکہ سرحد پر کمبوڈیا کے ساتھ جھڑپوں میں ایک فوجی ہلاک ہوا۔
تھائی فوج کا کہنا ہے کہ کمبوڈیا سے کشیدگی پر سرحدی علاقے میں ایف 16 جنگی طیارے پہنچا دیے ہیں۔
تھائی حکام کا کہنا ہے کمبوڈیا بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزیاں فوری طور پر روکے، کمبوڈیا سے تشدد بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں، کمبوڈیا کے اقدامات کو جنگی جرائم میں شمار کیا جا سکتا ہے۔
چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان سرحدی جھڑپ پر گہری تشویش ہے، امید ہے دونوں فریق مسائل کو بات چیت اور مشاورت سے حل کر لیں گے۔
چینی وزارت خارجہ کے مطابق چین انصاف اور غیر جانبداری کا مؤقف اپناتا ہے، کشیدگی کم کرنے میں ایک تعمیری کردار ادا کریں گے۔