واشنگٹن: امریکا جانے والے تمام غیر ملکیوں کو اب امریکا آنے کے لیے اضافی ویزا فیس دینی ہوگی۔
امریکی میڈیا کے مطابق 250 ڈالرز کی اضافی ویزا فیس ہر وہ مسافر ادا کرے گا جو نان امیگرینٹ ویزا کے لیے اپلائی کرے گا۔ اس میں سیاحت، تجارت اور حصول علم کے لیے عارضی طور پر امریکا آنے والے لوگ شامل ہوں گے۔
امریکی میڈیا کا بتانا ہے کہ ویزا شرائط پر مکمل عمل درآمد کی صورت میں امریکا سے واپس جانے والے فرد کو یہ ویزا فیس واپس کردی جائے گی۔
امریکی ماہر قانون کے مطابق یہ اضافی ویزا فیس دراصل ایک طرح کا سیفٹی ڈپازٹ ہے جو ویزا مدت کی تکمیل کے بعد واپس جانے والوں کو واپس کردیا جائے گا۔
تاہم 250 ڈالرز کی واپسی خود کار نہیں ہوگی بلکہ ویزہ لینے والے شخص کو ثابت کرنا ہوگا کہ اس نے ویزا شرائط کی مکمل پاسداری کی ہے۔
اب تک یہ واضح نہیں ہے کہ اس اضافی ویزا فیس کی واپسی کا طریقہ کار کیا ہوگا، اضافی ویزا فیس ’ون بگ بیوٹی فل بل ایکٹ‘ کے تحت لگائی گئی ہے۔