اسرائیل کی پھر غزہ میں امدادی مراکز پر درندگی، مزید 104 فلسطینی شہید

اسرائیل کی غزہ میں درندگی جاری ہے، صہیونی فوج کے حملوں میں کم از کم 104 فلسطینی شہید ہو گئے، جن میں رفح میں امدادی مراکز پر خوراک تلاش کرنے والے 37 افراد بھی شامل ہیں۔

قطری نشریاتی ادارے ’الجزیرہ‘ کی رپورٹ کے مطابق ہسپتال ذرائع نے بتایا کہ آج صبح سے اب تک اسرائیلی حملوں میں غزہ میں کم از کم 104 فلسطینی شہری شہید ہو چکے ہیں۔

مزید بتایا کہ شہید فلسطینیوں میں 37 ایسے افراد بھی شامل ہیں، جو امداد کے حصول کی کوشش کر رہے تھے۔

دوسری جانب، الاہلی ہسپتال کے ایک ذریعے نے بتایا کہ غزہ شہر کے جنوبی علاقے زیتون میں اسرائیل کے 2 فضائی حملوں میں تین افراد شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی حقوق (او ایچ سی ایچ آر) نے رپورٹ کیا تھا کہ 13 جولائک تک غزہ میں خوراک کے حصول کی کوشش میں کم از کم 875 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں اور ایسی بیشتر شہادتیں غزہ امدادی فاؤنڈیشن (جی ایچ ایف) کے نجی مراکز پر ہوئیں۔

اسرائیلی فورسز کی جانب سے مستقل بنیادوں پر خوراک کے متلاشی فلسطینیوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق اسرائیلی وحشیانہ حملوں میں 7 اکتوبر 2023 کے بعد سے اب تک کم از کم 58 ہزار 765 فلسطینی شہید اور ایک لاکھ 40 ہزار 485 زخمی ہو چکے ہیں۔

مزید کہنا تھا کہ 18 مارچ کو جنگ بندی کے خاتمے کے بعد اب تک شہید فسلطینیوں کی تعداد 7 ہزار 938 جبکہ زخمیوں کی تعداد 28 ہزار 444 تک پہنچ چکی ہے۔

اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی برائے فلسطین (انروا) کے مطابق مصر کی سرحد پر ’غزہ کی پوری آبادی کے لیے کافی خوراک‘ موجود ہے۔

سماجی رابطی کی ویب سائٹ پر بیان میں انروا کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے 2 مارچ سے غزہ پر مکمل محاصرہ نافذ کر رکھا ہے، جس کے تحت انسانی امداد اور تجارتی سامان کی غزہ میں داخلے پر پابندی ہے۔

 

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے