ماسکو: روس کے وزیر برائے ٹرانسپورٹ رومان استاروویت نے اپنی برطرفی کے چند گھنٹوں بعد خودکشی کرلی۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق روسی تحقیقاتی کمیٹی نے ان کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ استاروویت جمعرات کے روز ماسکو ریجن میں مردہ حالت میں پائے گئے، ان کی گاڑی سے ان کی لاش برآمد ہوئی جس پر گولی لگنے کا زخم موجود تھا۔
کمیٹی کی ترجمان نے کہا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں تاکہ موت کی اصل وجوہات کا تعین کیا جا سکے، تاہم امکان یہی ہے کہ استاروویت نے خودکشی کی۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب چند گھنٹے قبل ہی روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے استاروویت کو وزیر ٹرانسپورٹ کے عہدے سے برطرف کیا تھا۔
استاروویت کو مئی 2024 میں روس کا وزیر ٹرانسپورٹ تعینات کیا گیا تھا، اس سے قبل وہ ستمبر 2019 سے روس کے سرحدی علاقے کرسک کے گورنر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔