غزہ پر اسرائیلی فوج کے وحشیانہ حملے، مزید 68 فلسطینی شہید ہوگئے

غزہ میں اسرائیل فوج کی بربریت جاری ہے، تازہ حملوں میں مزید 68 فلسطینی شہید ہوگئے۔

عرب میڈیا کے مطابق اتوار کو اسرائیل کی جانب سے شمالی غزہ کے علاقے جبالیہ میں ایک پناہ گزین اسکول پر بمباری کی گئی۔

اس کے علاوہ غزہ میں  امداد کے منتظر فلسطینیوں پر بھی حملہ ہوا۔اتوار کو اسرائیلی حملوں میں مجموعی طور پر 68 فلسطینی شہید ہوئے۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج نے ایران سے جنگ بندی کے بعد غزہ میں بڑے آپریشن کی تیاری کرتے ہوئے شمالی غزہ کے گنجان آباد علاقوں کو فوری خالی کرنے کا حکم دے دیا۔

اتوار کو اسرائیلی فوج کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مشرقی زیتون، تفاح، دراج، صبرہ، جبالیہ البلد، جبالیہ کیمپ اور تل الزعتر سمیت مجموعی طور پر17 علاقوں کے رہائشیوں کو فوری طور پر جنوبی علاقے المواسی کیمپ کی جانب منتقل ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے عوام کو خبردار کیا گیا ہےکہ فوجی کارروائیاں مزید شدت اختیار کریں گی، اگر ان علاقوں کو فوری خالی نہ کیا گیا تو یہاں کے مکینوں کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔

اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ میں آپریشن مکمل کرنے کے بعد اسے وسطی علاقوں تک پھیلانے کا بھی عندیہ دیا ہے۔

واضح رہے کہ 7 اکتوبر 2023 سے اسرائیلی فوج نے غزہ پر بے رحمانہ حملے جاری رکھے ہوئے ہیں جن میں اب تک خواتین اور بچوں سمیت 56 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے