اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے میڈیا سے گفتگو کے دوران ایک مرتبہ پھر دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ ایران کے سپریم لیڈر خامنہ ای پر حملے سے متعلق تمام آپشنز میز پر ہیں، ایران پر حملوں کے دوران کسی کو استثنیٰ حاصل نہیں ہے ۔
اسرائیلی وزیراعظم کا کہناتھا کہ ہم نے ایران کو بہت نقصان پہنچایا ہے ، ٹرمپ سے بہتر ہمارا کوئی دوست نہیں ہے ، صدرٹرمپ کے ہر فیصلے کی تعریف کرتے ہیں، اسرائیل پوری طاقت سے اپنا دفاع کرے گا، یہ ٹرمپ پر منحصر ہے وہ اس جنگ میں شامل ہوتے ہیں یانہیں۔
یاد رہے کہ آج ایران کی جانب سے اسرائیل پر اب تک کا سب سے بڑا میزائل حملہ کیا گیا جس کے نتیجےمیں بڑے پیمانے پرتباہی ہوئی ہے اور 76 صہیونی زخمی ہوئے ہیں۔
غیر ملکی خبرایجنسی کےمطابق ایرانی میزائل حملوں کے بعد تل ابیب اور مقبوضہ بیت المقدس میں دھماکےکی آوازیں سنی گئیں،صحرائے نقب سمیت کم از کم 4 علاقوں میں 6 میزائل گرے،ایران کے حملے میں اسرائیلی اسٹاک ایکسچینج کی عمارت کھنڈر بن گئی۔
عرب میڈیا رپورٹس کےمطابق ایران نے جنوبی اسرائیل کےشہر بیئرشیوا کو بھی نشانہ بنایا،ہولون میں میزائل حملے میں بھی درجنوں افراد زخمی ہوئے،موجودہ حملے کو حالیہ جنگ میں ایران کا اسرائیل پر سب سے بڑا حملہ قرار دیا جارہا ہے۔
ایران نے جنوبی اسرائیل میں اسپتال کو نشانہ بنایا،میزائل حملےکے بعدمتعدد مقامات پر بھاری نقصان اور زخمیوں کی اطلاعات ہیں۔
ایرانی میزائل حملوں میں اسرائیلی فوجی اور انٹیلیجنس مراکز کو نشانہ بنایا گیا، فوجی مراکز کے قریب ہونے کی وجہ سے سروکا ہسپتال کو بھی نقصان پہنچا۔
اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کے اسرائیل پر اب تک کے حملوں میں 24افراد ہلاک،جبکہ 838 افراد زخمی ہیں،جن میں سے 11 کی حالت تشویشناک ہے۔