دوحہ: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سعودی عرب کے دورے کے بعد قطر پہنچ گئے جہاں انہوں نے قطر کے ساتھ تجارتی اور دفاعی تعاون کے معاہدوں پر ستخط کیے۔
دورہ سعودی عرب کے بعد امریکی صدر ٹرمپ بدھ کو قطر پہنچے جہاں دوحہ ائیرپورٹ پر امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے ٹرمپ کا استقبال کیا۔
اس کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی شاہی محل آمد پر روایتی تلواروں کا رقص بھی پیش کیا گیا۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر ٹرمپ نے شاہی محل میں امیر قطر سے بند کمرہ ملاقات کی جس میں غزہ، روس، یوکرین تنازع اور ایران پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے بعد ٹرمپ نے لوسيل محل میں امیر قطر کے عشائیے میں شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدرٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ ڈیل کیلئے قطر امریکا کے ساتھ مل کرکام کر رہا ہے، ایران کو پھلتا پھولتا دیکھنا چاہتے ہیں۔
دوسری جانب امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ کا دورہ قطر، امریکا تعلقات کو نئی بلندی پر لے کر جائے گا۔
قطر امریکا کی بوئنگ کمپنی سے 200 بلین ڈالر لاگت کے طیارے خریدے گا
امریکی صدر ٹرمپ نے قطر کے ساتھ تجارتی اور دفاعی تعاون کے معاہدوں پر بھی ستخط کیےجس میں امریکی کمپنی کے 200 ارب ڈالرز مالیت کے 160 طیاروں اور امریکی ایم کیو 9 بی ڈرون طیاروں کی فروخت شامل ہے۔