ویسٹ جاپان ریلوے کمپنی نے محض 6 گھنٹوں میں ایک ریلوے اسٹیشن تعمیر کر دیا۔
جی ہاں واقعی جاپانی ریلوے کمپنی نے یہ حیرت انگیز کام 3 ڈی پرنٹنگ سے ممکن بنایا۔
یہ دنیا کا پہلا 3 ڈی ریلوے اسٹیشن ہے جو جاپان کے علاقے Arida میں تعمیر کیا گیا۔
اس جگہ 1948 سے لکڑی سے بنا ایک اسٹیشن موجود تھا جس کو 3 ڈی پرنٹڈ ریلوے اسٹیشن سے بدل دیا گیا۔
نیا Hatsushima اسٹیشن روزانہ 530 مسافروں کی میزبانی کرتا ہے اور یہاں ہر گھنٹے ایک سے 3 ٹرینیں گزرتی ہیں۔
اس اسٹیشن کے لیے 3 ڈی پرنٹر سے مختلف حصوں کو تیار کیا گیا جن کو فیکٹری سے Arida منتقل کیا گیا۔
پرنٹنگ کے عمل میں 7 دن لگے اور جب ریلوے اسٹیشن کے مختلف حصوں کو مکمل کر دیا گیا تو انہیں 24 مارچ کی شب تعمیراتی مقام پر پہنچا دیا گیا۔
Serendix نامی کمپنی نے پرنٹنگ عمل کو مکمل کیا اور اس کے شریک بانی Kunihiro Handa نے بتایا کہ روایتی طریقے سے ریلوے اسٹیشن کی تعمیر کافی سست روی سے ہوتی ہے اور یہ کام مشکل بھی ہوتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ روایتی طریقے سے تعمیر کو مکمل کرنے میں متعدد مہینے لگ جاتے ہیں مگر 3 ڈی پرنٹنگ نے تعمیراتی کام کو برق رفتار کر دیا۔