چقندر کا جوس بلڈ پریشر کم کرنے میں مددگار ثابت

ایک حالیہ تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ چقندر کا جوس بزرگ افراد کے بلڈ پریشر کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے، کیونکہ یہ منہ میں موجود نقصان دہ بیکٹیریا کو کم کر کے خون کی نالیوں کے نظام کو بہتر بناتا ہے۔

طبی ویب سائٹ پر شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق چقندر کے رس میں موجود نائٹریٹ (nitrate) نامی مادہ بزرگ افراد میں بلڈ پریشر کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔

ماہرین نے تحقیق کے دوران 60 سے 70 سال کی عمر کے 36 افراد کو چقندر کا خالص جوس دن میں دو بار پلایا، دو ہفتے بعد دیکھا گیا کہ ان افراد کا بلڈ پریشر کم ہو گیا۔

جب بزرگ افراد نے چقندر کا رس پیا تو ان کے منہ میں کچھ نقصان دہ بیکٹیریا کم ہو گئے اور فائدہ مند بیکٹیریا بڑھ گئے، جس سے ان کی صحت پر اچھا اثر پڑا۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ عمر کے ساتھ انسان کے منہ میں موجود بیکٹیریا (جراثیم) بدل جاتے ہیں اور یہی بیکٹیریا خوراک سے نائٹریٹ کو نائٹرک آکسائیڈ (nitric oxide) میں بدلتے ہیں، جو بلڈ پریشر کو کنٹرول رکھنے میں مدد دیتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ جو لوگ چقندر پسند نہیں کرتے وہ اس کی جگہ پالک، اجوائن، سونف، بند گوبھی اور دیگر سبز پتوں والی سبزیاں کھا سکتے ہیں، کیونکہ ان میں بھی نائٹریٹ ہوتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ تحقیق اس بات کی جانب اشارہ ہے کہ اچھی خوراک کے ذریعے ہم بلڈ پریشر اور دل کی صحت کو بہتر بنا سکتے ہیں، خاص طور پر عمر رسیدہ افراد کے لیے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے