اسلام آباد: حکومت نے خواتین میں سروائیکل کینسر کی شرح میں اضافے کے بعد اہم فیصلہ کرلیا۔
وزارت صحت کے ذرائع کے مطابق خواتین میں سروائیکل کینسر کی شرح میں اضافے کے باعث حکومت نے انسداد سروائیکل کینسر کی ویکسین متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ویکسی نیشن مہم 15 سے 27 ستمبر تک ہوگی جس میں 9 سے 14 سال کی بچیوں کو ہیومن پیپی لوما وائرس ویکسین لگائی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق ایچ پی وی ویکسین فکسڈ سائٹ، کمیونٹی سینٹرز، موبائل یونٹس اور اسکولوں میں دستیاب ہوگی جب کہ یہ ویکسین روٹین امیونائزیشن میں شامل کی جائے گی، روٹین امیونائزیشن میں 9 سال کی بچیوں کو ایچ پی وی ویکسین لگائی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ ایک کروڑ 80 لاکھ بچیوں کو ایچ پی وی ویکسین لگانے کا ہدف ہے، حکومتِ پاکستان کو ایچ پی وی ویکسین ’گاوی‘ فراہم کرے گا جب کہ نجی شعبے میں ایچ پی وی ویکسین 4 سے 7 ہزار روپے میں دستیاب ہے۔