اسلام آباد: ملک میں 10 ارب روپے کا آن لائن فراڈ سامنے آ گیا۔
اربوں روپے کے آن لائن فراڈ میں ایک درجن کے قریب مقامی و غیر ملکی کمپنیاں اور افراد ملوث ہیں۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اکنامک کرائم ونگ نے منی لانڈرنگ قانون کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔
ایف آئی اے کی جانب سے درج کیے گئے مقدمے میں کئی غیرملکی کمپنیاں اور افراد بھی نامزد ہیں۔
مقدمے کے متن کے مطابق مقامی نجی بینکوں کے ساتھ مل کر ہزاروں افراد کو جعلی نوکریوں اور کاروبار کا جھانسہ دے کر اربوں روپے لوٹے گئے۔ آن لائن فراڈ کا نیٹ ورک اربوں روپے کی منی لانڈرنگ میں ملوث ہے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق مقدمے میں غیرملکی شہریوں اور مقامی افراد کو پکڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ جبکہ نیٹ ورک کے فراڈ کا حجم 50 ارب روپے تک جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ رواں برس آن لائن فراڈ کی ایک لاکھ 30 ہزار شکایات درج کی گئی ہیں۔