پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں کاروباری دن کا آغاز 270 پوائنٹس کی تیزی سے ہوا اور دورانِ ٹریڈنگ مارکیٹ نے 656 پوائنٹس اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 23 ہزار پوائنٹس کی حد بھی عبور کی تاہم، مارکیٹ یہ سطح برقرار نہ رکھ سکی اور اچانک لڑکھڑاہٹ کے بعد پلٹ گئی۔
ماہرین کے مطابق دو دن میں 6500 پوائنٹس کی تیزی کے بعد مارکیٹ میں کریکشن ہوئی جس سے مارکیٹ مستحکم ہوئی۔
سابق ڈائریکٹر پی ایس ایکس ظفر موتی نے بتایا کہ سرکلر ڈیٹ کی رقم بینکوں سے حکومت کو منتقل ہونے پر آئل کمپنیز کے شیئرز میں ریلی متوقع ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگلے ہفتے امریکہ کے ساتھ ٹریڈ ڈیل کی خبر مارکیٹ کے لیے مثبت ثابت ہوگی۔
کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای ہنڈریڈ انڈیکس 715 پوائنٹس کی کمی سے ایک لاکھ 22 ہزار 46 پوائنٹس پر بند ہوا۔
دن بھر میں 30 ارب روپے مالیت کے 74 کروڑ شیئرز کا لین دین ہوا۔