عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، وزیراعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت مواصلاتی منصوبوں کی پیش رفت سے متعلق اعلیٰ سطح کا جائزہ اجلاس جمعرات کو یہاں چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، سیکرٹری مواصلات لعل جان جعفر، سیکرٹری خزانہ عمران زرکون اور دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام شریک ہوئے

اجلاس میں سیکرٹری مواصلات لعل جان جعفر نے رکھنی بیکڑ شاہراہ سمیت دیگر جاری منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی انہوں نے منصوبوں کے مختلف مراحل، درپیش چیلنجز اور آئندہ حکمت عملی سے متعلق اجلاس کو آگاہ کیا وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے ہدایت کی کہ مواصلاتی منصوبوں میں اعلیٰ معیار، شفافیت اور بروقت تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے

انہوں نے کہا کہ یہ منصوبے عوامی فلاح و بہبود سے براہ راست جڑے ہوئے ہیں لہٰذا کسی بھی سطح پر کوتاہی یا غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پہاڑی علاقوں میں ٹنلز کی تعمیر سے جہاں طویل اور دشوار گزار راستے مختصر ہوں گے وہیں عوام کو سفری سہولیات میں بھی نمایاں بہتری حاصل ہوگی انہوں نے زور دیا کہ رکھنی بیکڑ روڈ سمیت دیگر مواصلاتی منصوبے بلوچستان کے پسماندہ علاقوں کو قومی دھارے سے جوڑنے میں کلیدی کردار ادا کریں گے

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ شاہراہیں صرف راستے نہیں بلکہ ترقی، روزگار اور خوشحالی کی راہ ہموار کرنے والے بنیادی ستون ہیں بہتر سڑکوں کی بدولت عوام کو صحت، تعلیم اور روزگار کے مواقع تک باآسانی رسائی حاصل ہوتی ہے، جو معاشرتی ترقی کا ضامن ہے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایک مربوط اور مضبوط مواصلاتی نظام بلوچستان کو معاشی خود کفالت کی راہ پر گامزن کرنے میں بنیادی کردار ادا کرے گا حکومت اس حوالے سے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے