ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے کہاہے کہ قلات واقعہ کے پیچھے فتنہ الہندوستان کی پراکیسز ہیں، بس میں امجد صابری قوال گروپ کے لوگ ایک فنکشن کیلئے کوئٹہ آ رہے تھے۔
سماء نیوز کے پروگرام ’’ ندیم ملک لائیو‘‘ میں خوصی گفتگو کرتے ہوئے شاہد رند نے بتایا کہ ہندوستان نے یہ اعلان کر رکھاہے کہ ان کا آپریشن سندور جاری ہے ، جس قسم کی بھارت کو ہزیمت کا سامنا کرنا پڑاہے اس کے بعد ہمیں واضح ہے کہ وہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں اپنی پراکسی کو ایکٹو کریں گے ، آج کا واقعہ بھی فنتہ الہندوستان کی پراکسی کی جانب سے عام مسافر گاڑی پر گھات لگا کر حملہ کیا گیاہے، جس میں تین مسافر شہید ہو گئے ہیں جبکہ سات کے قریب زخمی تھے جنہیں ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا گیاہے ۔
شاہد رند نے کہا کہ بس میں امجد صابری قوال گروپ کے لوگ ایک فنکشن کیلئے کوئٹہ آ رہے تھے ، انہوں نے یہ بس بک کروائی تھی جس پر حملہ کیا گیا ، تمام کے نام تو نہیں بتا سکتا لیکن یہ بتا سکتاہوں کہ اطلاعات کے مطابق ان کا تعلق امجد صابری گروپ سے ہی ہے ۔
ان کا کہناتھا کہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیاہے اور سرچ آپریشن جاری ہے ، سیکیورٹی فورسز حملہ آوروں کا تعاقب کررہی ہیں۔