سبی میں ڈنگرا کے قریب ریلوے ٹریک کے نزدیک زور دار دھماکہ ہوا، تاہم خوش قسمتی سے بولان میل ایکسپریس ٹرین بال بال بچ گئی۔
ریلوے حکام کے مطابق دھماکہ اس وقت ہوا جب بولان میل ٹرین گزر چکی تھی۔ واقعے میں ٹرین کی بوگی نمبر 7 کو جزوی نقصان پہنچا، مگر کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔ واقعے کے فوری بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور ریلوے کی تکنیکی ٹیم جائے وقوعہ کی جانب روانہ ہو گئی۔
دھماکے کے باعث ٹرینوں کی آمدورفت معطل کر دی گئی ہے۔ جعفر ایکسپریس، جو پنجاب سے کوئٹہ کی جانب رواں دواں تھی، کو ڈیرہ مراد جمالی پر روک دیا گیا ہے، جبکہ کوئٹہ سے پنجاب جانے والی جعفر ایکسپریس کو سبی اسٹیشن پر روکے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ ٹریک کلیئر ہونے کے بعد ٹرینوں کو اپنی منزل کی جانب روانہ کر دیا جائے گا۔ سیکیورٹی ادارے دھماکے کی نوعیت اور ذمہ داروں کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہیں۔