بلوچستان میں قتل ہونے والے مرد اورعورت کا 47 دن بعد پوسٹ مارٹم ، تہلکہ خیز انکشافات

کوئٹہ : بلوچستان میں غیرت کے نام پر قتل کی گئی خاتون اور مرد کا 47 دن بعد پوسٹ مارٹم ہوا، جس میں قتل کی تاریخ سمیت اہم انکشافات سامنے آئے۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں کوئٹہ کے نواحی علاقے سنجیدی ڈیگاری میں قتل ہونے والے مرد اور عورت کا 47 دن بعد پوسٹ مارٹم ہوا ، جس میں بتایا گیا خاتون کو سات اور مرد کو نو گولیاں ماری گئیں۔

پوسٹ مارٹم رپورٹ میں کہا گیا مرد اور خاتون کو چارجون کو قتل کیا گیا تھا، خاتون کو سر، پیٹ اور سینے پر اور مرد کو پیٹ اور سینے پر گولیاں مارکر قتل کیا گیا۔

مرد اور خاتون کوچارجون کوقتل کیا گیا تھا، ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل ہونے کے بعدپولیس حرکت میں آئی۔

جوڈیشل مجسٹریٹ نےقبر کشائی کا حکم دیا،پولیس سرجن نے ڈیگاری قبرستان میں پوسٹ مارٹم کیا، قبر کشائی کےوقت جوڈیشل مجسٹریٹ بھی موجود تھے۔

یاد رہے بلوچستان میں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کو قتل کرنے کا واقعہ سامنے آیا تھا، فائرنگ کے دردناک مناظر کی ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل ہوئی۔

بتایا جاتا ہے میاں بیوی ڈیڑھ سال سے روپوش تھے، دونوں کو دعوت کے بہانے بلایا گیا، جرگے میں فیصلہ سنایا گیا اور پھر کھلے میدان میں لے جا کر گولیاں چلا دی گئیں۔

بعد ازاں خاتون اور مرد کے سفاکانہ قتل کی وائرل ویڈیو کے سلسلے میں کوئٹہ پولیس نے بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے 20 ملزمان کی نشاندہی کر لی ہے۔

پولیس کے مطابق واقعے میں ملوث 13 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جن میں مقتولہ کا کزن اور ساتکزئی قبیلے کے سربراہ سردار شیرباز ساتکزئی بھی شامل ہیں۔

گذشتہ روز وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے دعویٰ کیا تھا کہ یہ شادی شدہ جوڑا نہیں تھا، خاتون شادی شدہ اور 5 بچوں کی ماں تھی۔ تاہم یہ قتل اور بربریت ہے، میری ساری ہمدردیاں قتل ہونے والے افراد کے ساتھ ہیں اور ہم مظلوم کے ساتھ کھڑے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے