نصیر آباد : بلوچستان کے علاقے نصیر آباد میں بیٹوں نے والد کے ساتھ مل کر غیرت کے نام پر ماں کو قتل کرڈالا۔
تفصیلات کے مطابق نصیرآباد سے ایک دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا، جہاں غیرت کے نام پر ماں کو قتل کردیا گیا.
واقعہ تھانہ شہید نذیر احمد عمرانی منگولی کی حدود میں پیش آیا تاہم نصیرآباد کے تھانہ شہید نذیر احمد عمرانی منگولی پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ماں کو غیرت کے نام پر قتل کرنے والے دو بیٹوں کو گرفتار کر لیا۔
ملزمان خادم اور بخت علی جت نے اپنے والد کے ساتھ مل کر سیاہ کاری کے الزام میں اپنی ماں کو گلا دبا کر بے دردی سے قتل کیا۔
ایس ڈی پی او محمد طیب اقبال اور ایس ایچ او محمد عمر اعوان کی زیر نگرانی ٹیم نے کامیاب چھاپہ مار کر دونوں ملزمان کو گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزمان سے ابتدائی تفتیش مکمل کر لی گئی ہے
پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے، جبکہ دیگر مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ واقعے میں ملوث باپ کی گرفتاری کے لیے بھی کوششیں تیز کردی گئی ہیں۔
یاد رہے بلوچستان میں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کو قتل کرنے کا واقعہ سامنے آیا تھا، فائرنگ کے دردناک مناظر کی ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل ہوئی تھی۔
بتایا جاتا ہے میاں بیوی ڈیڑھ سال سے روپوش تھے، دونوں کو دعوت کے بہانے بلایا گیا اور سردار کے فیصلے کے بعد کھلے میدان میں لے جا کر گولیاں چلا دی گئیں۔
بعد ازاں خاتون اور مرد کے قتل کے واقعے کا مقدمہ تھانہ ہنہ اورڈک میں درج کیا گیا تھا۔