جہلم اور راولپنڈی میں برساتی پانی میں ڈوب کرجاں بحق ہونے والی مزید 4 افراد کی لاشیں تلاش کرلی گئیں۔ بھوسہ منڈی کے قریب برساتی نالے میں بہہ جانے والے نوسال کے حسن علی کا تاحال پتا نہ چل سکا۔
راولپنڈی کے علاقے گلشن اقبال دھمیال سے برساتی نالہ میں ڈوبنے والے45 سال کے ندیم اختر، چکری کے قریب لیبر کیمپ میں پانی بھر جانے سے ڈوبنے والے 22سال کے مزدور، خواجہ آباد کے قریب نالے میں ڈوبنے والے 15 سال کے بلال کی لاشیں مل گئیں جبکہ بھوسہ منڈی سےنالےمیں ڈوبنے والے 9 سالہ حسن علی کی لاش تاحال نہ مل سکی۔
دوسری جانب جہلم میں گزشتہ روز سیلابی پانی میں پھنسے شہریوں کو بچانے کے دوران بہہ جانے والے پولیس اہلکار حیدر کی لاش بھی نکال لی گئی۔
ریسکیو انچارچ جہلم کے مطابق سیلابی پانی میں پھنسے مزید 30افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا، گزشتہ روزفلیش فلڈنگ کے باعث پھنسے ہوئے 498افراد کو ریسکیو کر چکے ہیں۔ متعدد علاقوں میں لوگ ابھی تک پانی میں پھنسے ہوئے ہیں۔