کوئٹہ : میٹرک کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیا گیا ، نتائج میں کامیابی کا مجموعی تناسب 68.10 فیصد رہا۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ میں میٹرک کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیا گیا۔
چیئرمین بورڈ محمد اسحاق نے نتائج کا باضابطہ اعلان کیا، جس کے تحت بلوچستان رزیڈینشل کالج کے طالبعلم آفتاب عالم نے1051نمبرحاصل کرکےپہلی پوزیشن حاصل کی۔
چیئرمین بورڈ نے بتایا کہ محمد حاشر نے 1043 نمبر لے کر دوسری پوزیشن ، محمد طفیل اور ثاقب علی نے 1038 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔
میٹرک سالانہ امتحان میں 1 لاکھ 48 ہزار 114 طلباو طالبات نے حصہ لیا اور امتحان میں 1 لاکھ 870 امیدوار کامیاب ہوئے، جس کے تحت کامیابی کا مجموعی تناسب 68.10 فیصد رہا۔
نہم میں 69275 طلبہ شریک ہوئے، جن میں سے 32067 نے کامیابی حاصل کی، کامیابی کا تناسب 46.29 فیصد رہا جبکہ دہم میں 78839 طلبہ نے شرکت کی جن میں 68803 کامیاب قرار پائے، کامیابی کا تناسب 87.27 فیصد رہا۔