لیویز فورس میں اصلاحات اور کارکردگی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے، ڈی جی لیویز فورس

بلوچستان لیویز فورس کے ڈائریکٹر جنرل عبدالغفار مگسی نے لیویز تھانہ کردگاپ مستونگ کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے تھانے کے مختلف شعبہ جات بشمول ریکارڈ سیکشن، حوالات، مال خانہ اور سیکیورٹی انتظامات کا جامع معائنہ کیا۔دورے کے موقع پر ڈی جی بلوچستان لیویز فورس عبدالغفار مگسی نے لیویز فورس سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لیویز فورس بلوچستان کی ایک تاریخی، روایتی اور عوامی خدمت سے وابستہ فورس ہے، جس پر عوام کا گہرا اعتماد ہے۔ ہمارا مقصد اس فورس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے ایک پروفیشنل، دیانت دار اور مؤثر ادارہ بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ لیویز فورس میں اصلاحات، تربیت اور کارکردگی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ قانون کی حکمرانی اور عوامی تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔ڈی جی نے واضح کیا کہ لیویز فورس میں نظم و ضبط اور شفافیت اولین ترجیحات ہیں، اور کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ عوام کے ساتھ حسن سلوک، فوری رسپانس اور انصاف کی فراہمی ہر اہلکار کا فرض ہے۔عبدالغفار مگسی نے موجود افسران و جوانوں سے فرداً فرداً ملاقات کی اور ان کی کارکردگی، درپیش چیلنجز اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں پر تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ عوام کی خدمت کو اولین ترجیح دیں اور ڈسپلن، دیانت داری اور قانون کی مکمل پاسداری کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دیں۔ڈی جی نے تھانے کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے ضروری وسائل اور اصلاحات کی یقین دہانی بھی کرائی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے