وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ یوم عاشورہ پر ہم سب نے مل کر اتحاد، رواداری اور بھائی چارے کی عملی مثال قائم کی ہے۔
اپنے بیان میں یوم عاشورہ کے مرکزی جلوسوں اور مجالس کے پُرامن انعقاد پر وزیراعلیٰ بلوچستان سرفرازبگٹی نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سیکیورٹی اداروں، ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت اور میونسپل اداروں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ پولیس، ایف سی، لیویز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بہترین ہم آہنگی اورفول پروف سیکیورٹی انتظامات کے ذریعے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ حساس حالات کے باوجود بلوچستان پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی کارکردگی مثالی رہی۔
سرفراز بگٹی نے مذہبی ہم آہنگی کے فروغ میں علمائے کرام کے مثبت کردار کو بھی سراہا اور یوم عاشورکے موقع پر عوام کے نظم و ضبط اور بھرپور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ امن کے قیام کے لیے حکومت، ادارے اور عوام یکجا ہیں اور یوم عاشور پر ہم سب نے مل کر اتحاد، رواداری اور بھائی چارے کی عملی مثال قائم کی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ یہ سرزمین امن، وحدت اور بھائی چارے کی علامت ہے۔