جان دے دوں گا، دہشت گردوں کے سامنے سر نہیں جھکاؤں گا، وزیراعلٰی بلوچستان

وزیراعلٰی بلوچستان کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے عوام کو لاحاصل جنگ میں دھکیل دیا گیا۔ عوام کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتا ۔۔ جان دے دوں گا۔ دہشت گردوں کے سامنے سر نہیں جھکاؤں گا۔ موسیٰ خیل کی متاثرہ خاتون کے ساتھ کھڑا رہوں گا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام کو لاحاصل جنگ میں نہیں دھکیلا جا سکتا، میں کسی صورت عوام کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اگر جان بھی دینی پڑی تو دے دوں گا، لیکن دہشت گردوں کے سامنے سر نہیں جھکاؤں گا۔

بلوچستان اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے موسیٰ خیل واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ متاثرہ خاتون کے ساتھ کھڑے ہیں اور حکومت ہر ممکن انصاف فراہم کرے گی۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے دور دراز علاقوں کے عوام کو ترقی کے ثمرات پہنچائیں گے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ امن و امان کا مسئلہ اس وقت ایک بڑا چیلنج ہے جس پر پورے پاکستان کو تشویش ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں پینے کے صاف پانی کی قلت کو دور کرنے کے لیے ہر یونین کونسل میں واٹر فلٹریشن پلانٹ لگائے جائیں گے۔ ہر ضلع میں نئی سڑکوں کی تعمیر کے لیے بجٹ میں رقم مختص کی گئی ہے، جبکہ نوکنڈی میں انڈسٹریل اسٹیٹ قائم کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ واشک ان کے دل کے بہت قریب ہے اور رواں سال اس علاقے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ اس کے علاوہ ہرنائی میں دو بڑی شاہراہوں کی تعمیر پر 2 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے