اب ہر گھر میں پنکھے کا استعمال تو ہوتا ہی ہے اور مخصوص مہینوں کے علاوہ پورا سال انہیں چلایا جاتا ہے۔
مگر ہمیں ٹھنڈی ہوا فراہم کرنے والی اس مشین کے بلیڈ یا پروں میں اکثر مٹی یا گرد جمع ہو جاتی ہے۔
اب یہ کہنے کی ضرورت نہیں کہ پنکھوں کی صفائی کا عمل اکثر بہت مشکل محسوس ہوتا ہے۔
پنکھوں پر جمع ہونے والی یہ گرد یا مٹی جِلد اور بالوں کے مردہ خلیات پر مشتمل ہوتی ہے جبکہ دیگر متعدد چیزیں بھی اس میں شامل ہوتی ہیں۔
اچھی بات یہ ہے کہ آپ بہت آسانی سے پنکھوں کو صاف کر سکتے ہیں۔
صفائی سے قبل ضروری ہے کہ آپ فرش اور فرنیچر کو پرانی چادروں سے ڈھک دیں جبکہ ایک سیڑھی کا انتظام بھی کریں۔
اب ان پنکھوں کو صاف کرنے والی آسان ٹپس کے بارے میں جانیں۔
تکیے کے پرانے غلاف سے مدد لیں
پنکھوں کی صفائی کا سب سے آسان اور سب سے کم گندگی پھیلانے والا طریقہ تکیے کے غلاف کے استعمال میں چھپا ہے۔
بس اس غلاف کو لے کر پنکھے کے بلیڈ کو اس کے اندر چھپا دیں۔
اس کے بعد اوپر سے کپڑے کو نرمی سے رگڑیں، یہ عمل تمام بلیڈز پر دہرائیں۔
غلاف کے اندر جمع ہونے والی گرد اور مٹی کو کوڑے کے ڈبے میں خالی کریں یا اس غلاف کو ہی کوڑے میں پھینک دیں ، اگر اسے آئندہ استعمال کرنے کا ارادہ نہ ہو۔
ہینڈل والے ڈسٹر کا استعمال کریں
ہینڈل والا ڈسٹر پنکھوں کی صفائی میں مدد فراہم کرسکتا ہے۔
اس طرح کے ڈسٹر سے پنکھوں کی صفائی کافی آسان ہو جاتی ہے اور اس کے لیے اکثر سیڑھی کی ضرورت بھی نہیں ہوتی۔
کلینر سلوشن سے مدد لیں
اگر پنکھے میں کافی مٹی اور گرد جمع ہو جائے تو اس کی صفائی کے لیے زیادہ محنت کرنا پڑے گی۔
آپ کسی کپڑے کو کلینر سلوشل میں بھگوئیں اور نرمی سے ہر بلیڈ پر رگڑیں، اس سے صفائی کا عمل آسانی سے مکمل ہو جائے گا۔