وہ کتا جس نے گلیشیئر کی دراڑ میں پھنس جانے والے مالک کی زندگی بچالی

سوئٹزر لینڈ میں ایک چھوٹے سے کتے نے ایک شخص کی زندگی بچا لی جو برف پوش پہاڑیوں میں پھنس گیا تھا۔

Chihuahua نسل کا یہ کتا کوہ الپس کی ایک چٹان کی چوٹی پر کھڑا رہا جس سے ہیلی کاپٹر پر سوار امدادی عملے کو اس کے مالک کو تلاش کرنے میں مدد ملی۔

اس شخص کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی اور یہ جنوبی سوئٹزر لینڈ کے فی گلیشیئر پر ٹریکنگ کر رہا تھا جس دوران وہ ایک دراڑ سے نیچے جاگرا۔

ایک ریسکیو اور ٹرانسپورٹ کمپنی ائیر زرمٹ کے مطابق گلیشیئر پر گھومنے کے دوران ایک برفانی برج ٹوٹ گیا اور وہ شخص 8 میٹر نیچے گرگیا۔

اس شخص کے پاس واکی ٹاکی موجود تھا جس کی مدد سے وہ قریب موجود ایک فرد سے رابطہ کرنے میں کامیاب ہوگیا۔

اس فرد نے ایمرجنسی سروسز کو حادثے سے آگاہ کیا مگر اس شخص کی درست لوکیشن بتانے سے قاصر رہا۔

آدھے گھنٹے کی فضائی سرچ کے بعد امدادی ٹیم نے کتے کو ایک چٹان کی چوٹی پر بیٹھے ہوئے دیکھا۔

جب امدادی ہیلی کاپٹر کو کتے کے پاس لینڈ کیا گیا تو دراڑ میں گرنے والا شخص نظر آگیا۔

اس کے بعد ریسکیو ٹیم نے اس شخص کو باہر نکالا اور ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسپتال منتقل کر دیا۔

ائیر زرمٹ کے ترجمان نے بتایا کہ اگر وہ کتا وہاں موجود نہ ہوتا تو ہمیں کوئی اندازہ نہیں ہوتا کہ اس شخص کے ساتھ کیا ہوا، ہمیں نہیں لگتا کہ وہ زیادہ دیر دراڑ میں زندہ رہ پاتا۔

کمپنی نے اس کتے کو ہیرو قرار دیا ہے جس نے اپنی مالک کی زندگی بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے