پاکستان آرڈیننس فیکٹری کے دورے کے موقع پرآرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کےدفاع کو یقینی بنانے کیلئے خود انحصاری اور جدید ترین ٹیکنالوجی کیلئے کام جاری رکھیں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاعام (آئی ایس پی آر ) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پاکستان آرڈیننس فیکٹری کا دورہ کیا جہاں انہیں پیداواری صلاحیتوں اور افواج کی دفاعی ضروریات پوری کرنے میں ادارے کے تعاون پر بریفنگ دی گئی جبکہ دفاعی مصنوعات کی برآمدات کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے آرڈیننس فیکٹری میں تیار کردہ مصنوعات کا جائزہ لیا، اور ٹیسٹ اور ٹرائلز کے تحت مقامی طور پر ڈیزائن اور تیار کردہ نئے ہتھیاروں کا مشاہدہ بھی کیا۔
پاک فوج کے سربراہ نے بنیادی دفاعی صنعت کے طور پر پاکستان آرڈیننس فیکٹری کے کردار کو سراہااور افسروں اور اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقامی صنعتوں کے فروغ اور خود انحصاری سے قومی ترقی کا راستہ متعین ہوتا ہے۔ دفاع کو یقینی بنانے کیلئے خود انحصاری اور جدید ترین ٹیکنالوجی کیلئے کام جاری رکھیں گے۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا فیکٹری آمد پر چیئرمین پاکستان آرڈیننس فیکٹری واہ نے استقبال کیا۔