موٹر وے ایم 2 پر بھیرہ کے قریب کھڑی گاڑی سے3خواتین سمیت4 افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں جبکہ ایک شخص بے ہوشی کی حالت میں پایا گیا، کار لاہور سے اسلام آباد جارہی تھی، کار ڈرائیور عمر قاسم کو بے ہوشی کی حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ جاں بحق افراد کی شناخت 25 سالہ ثمر، 60 سالہ رومیلا ، 30 سالہ مہر اور 6 سالہ بچہ عون علی کے نام سے ہوئی۔
موٹر وے پولیس کے مطابق دوران پیٹرولنگ بھیرا کے قریب اطلاع ملی کہ ایک گاڑی سڑک کنارے کھڑی ہے مدد کی غرض سے جب وہاں پہنچے تو گاڑی میں پانچ افراد نیم بے ہوشی کی حالت میں موجود تھے جنہیں طبی امداد کیلئے فوری تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال بھیرا پہنچایا گیا۔یہ بھی بتایاگیا ہے کہ ہسپتال میں دوران علاج چار افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ بے ہوشی کی حالت میں لائے گئے ایک مریض کی حالت نازک ہے۔
تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے جو کہ لاہور کے رہائشی ہیں اور اسلام آباد کی جانب سفر کر رہے تھے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق متاثرہ فیملی میکلوڈ روڈ لاہور کی رہائشی بتائی گئی۔، کار سوار فیملی کے 4 افراد کی موت کی وجہ تا حال معلوم نہیں ہو سکی۔، لاشوں کو ٹی ایچ کیو ہسپتال بھیرہ منتقل کر دیا گیا ہے۔اس حوالے سے ترجمان موٹرویز کاکہنا ہے کہ بھیرا کے قریب گاڑی سے 5افراد بے ہوشی کی حالت میں ملے، تمام افراد ہسپتال منتقل کئے گئے تاہم دوران علاج 4 افراد جاں بحق ہو گئے۔
ترجمان نے کہا کہ ایک مریض ابھی تک بے ہوشی کی حالت میں ہے۔واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔ڈی ایس پی فیاض ہنجرا کے مطابق 4 افراد کی موت کیسے واقع ہوئی اس کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ریسکیو حکام کے مطابق کافی دیر تک گاڑی موٹروے پر کھڑی دیکھ کر موٹروے پولیس نے ریسکیو 1122 کو طلب کیا جنہوں نے کار کا شیشہ توڑ کر لاشوں کو باہر نکالا۔ کار ڈرائیور نے پولیس کو بتایا ہے کہ راستے میں ایک خاتون کی طبعیت خراب ہوئی تھی تو انہوں نے جوس پیا تھا۔پولیس کے مطابق گاڑی میں سے 2 جوس کے ڈبے ملے ہیں جن میں سے ایک ڈبے کی ڈیٹ ایکسپائر ہے تاہم پوسٹ مارٹم کے بعد ہی ہلاکت کی اصل وجہ معلوم ہو سکے گی۔