پی ٹی آئی رہنماء شفقت محمود نے سیاست سے ریٹائرمنٹ لے لی

پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اور سابق وفاقی وزیر شفقت محمود نے سیاست سے ریٹائرمنٹ لے لی۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آج سے 34 سال پہلے میں نے سرکاری ملازمت سے استعفیٰ دے کر سیاست میں قدم رکھا، بہت سوچ و بچار کے بعد میں نے اب سیاست سے ریٹائر ہونے کا فیصلہ کیا ہے، میں اپنی باقی عمر تحریر اور تدریس کے لیے وقف کرنا چاہتا ہوں، یہ فیصلہ نہ ہی کسی پریشر کی وجہ سے ہے اور نہ ہی میرا ارادہ کسی اور سیاسی جماعت میں جانے کا ہے، یہ اعلان صرف سیاست سے علیحدگی کا ہے اور اس کا تعلق وقت اور عمر کے تقاضے سے ہے، میں ان سے مکمل اتفاق کرتا ہوں جو کہتے ہیں کہ سیاست میں نوجوانوں کو آگے آنا چاہیئے۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ سیاست کے اس سفر کے دوران بہت سے نشیب و فراز آئے، سینیٹ اور نیشنل اسمبلی کا ممبر اور وفاقی و صوبائی وزیر رہا، جیل کی یاترا کرنے کا بھی اتفاق ہوا، مجھے اطمینان ہے کہ میں نے ہمیشہ اپنی ساری ذمہ داریاں نہایت ایمانداری سے سرانجام دیں اور ہر عہدے کو ایک فرض سمجھ کر نبھایا، اللّٰہ کا شکر ہے کہ آج تک کسی نے ناجائز الزام تک نہیں لگایا۔

شفقت محمود نے مزید کہا کہ بطور وزیر تعلیم پاکستان کی تاریخ میں پہلی دفعہ یکساں نصاب بنایا اور کوویڈ کے مشکل وقت میں تعلیمی نظام کو کامیابی سے سنبھالا، میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا مشکور ہوں جنہوں نے مجھے یہ خدمت کا موقع فراہم کیا، میں تحریک انصاف اور اپنے حلقے کے عوام کا بھی شکر گزار ہوں جنہوں نے دو دفعہ مجھے شرف نماندگی بخشا، ملک کی خدمت کا یہ جذبہ تاحیات رہے گا اور امید ہے کہ تحریر و تدریس اور میڈیا کے ذریعے یہ سفر جاری رہے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے