اسلام آباد : پولیس وردی میں ڈکیتی کی بڑی واردات

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پولیس وردی میں ملبوس ملزم بزنس مین سے 80 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے معروف کاروباری مرکز بلیو ایریا میں پولیس کی وردی میں ملبوس ملزم بزنس مین سے 80 لاکھ لوٹ کر فرار ہونے میں کامیاب رہے، یہ واردات اسلام آباد کے بلیو ایریا میں فضل الحق روڈ پر ہوئی، تھانہ کوہسار پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔
بتایا گیا ہے کہ پولیس وردی میں ملبوس ملزمان نے کاروباری شخصیت کی گاڑی کو روکا، ملزمان نے اپنی گاڑی بزنس مین کی کی گاڑی کے آگے لاکر انہیں روکا اور گاڑی کے رکتے ہی پولیس کی وردی میں ملبوس ملزم گاڑی کے پاس آئے اور چیکنگ کے بہانے گاڑی کا دروازہ کھولنے کا کہا اور دروازہ کھلتے ہی ملزم رقم سے بھرا ہوا بیگ لے کر بھاگ گئے۔

دوسری طرف کراچی کے علاقہ فیڈرل بی ایریا بلاک 10 میں ڈاکوؤں نے پیٹرول پمپ سے کیش لے کر نکلنے والے ملازمین کو لوٹ لیا، پیٹرول پمپ ملازمین صبح 9 بج کر 20 منٹ پر 1 کروڑ روپے سے زائد رقم سے بھرا بیگ لے کر نکلے ہی تھے کہ ملزمان نے ان کا راستہ روکا، ڈرائیور نے گاڑی ملزمان پرچڑھادی، ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ڈرائیور کے ساتھ بیٹھا شخص زخمی ہوگیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اس واقعے کا مقدمہ گلبرگ تھانے میں زخمی امیر محمد کی مدعیت میں درج کیا گیا جہاں مدعی نے بتایا میں پیٹرول پمپ پر بطور ہیڈ کیشئر ملازمت کرتا ہوں، منیجر اور ڈرائیور کے ہمراہ 3 دن کا کیش لے کر بنک جارہا تھا، ہم ٹوٹل ڈیڑھ کروڑ روپے کی رقم لے کر نکلے تھے۔ مدعی نے مزید بتایا کہ فیڈرل بی ایریا پہنچے تو موٹر سائیکل پر 2 ملزمان آئے اور اسلحے کے زور پرگاڑی روک کر رقم چھیننے کی کوشش کی جس کے لیے گاڑی روکنے کیلئے ملزمان نے فائرنگ کردی، اس دوران منیجر سید مسنون اور فضل کو 2،2 گولیاں لگیں، دونوں کو زخمی کرکے ملزمان رقم چھین کر فرار ہوگئے، گاڑی چیک کی تو اس میں 90 لاکھ کی رقم موجود تھی اور ملزمان 60 لاکھ روپے کی رقم لے کر فرار ہوئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے