آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں آج آئرلینڈ اور امریکا کے درمیان گروپ اے کا میچ کھیلا جائےگا جو کہ گرین شرٹس کے ایونٹ میں مستقبل کا فیصلہ کرے گا۔
تاہم لاڈرہل فلوریڈا میں ہونے والا یہ اہم میچ بارش کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہے اور اب تک ٹاس بھی نہیں ہوسکا۔
امریکا اور پاکستان کے درمیان میچ مقامی وقت کے مطابق ساڑھے 10 بجے ( پاکستانی وقت کے مطابق ساڑھے 7 بجے) شروع ہونا تھا۔
تاہم بارش دوبارہ شروع ہوگئی ہے اور پچ کو کوور سے ڈھانپ دیا گیا ہے۔
پاکستانی وقت مطابق 9 بجے کے بعد اوورز کم ہونا شروع ہوگئے ہیں۔
اس سے قبل موسم کے بارے میں پیش گوئی کی گئی تھی کہ لاڈرہل فلوریڈا میں آئرلینڈ اور امریکا کے درمیان میچ میں موسم اثر انداز ہوسکتا ہے۔ میچ کے دوران طوفانی ہوائیں چلنے اور بارش کا کافی امکان ہے جو کہ پاکستان کی امیدوں پر پانی پھیر سکتی ہے۔
لاڈرہل فلوریڈا میں مقامی وقت کے مطابق صبح 10 بجے سے دوپہر 12 بجے کے درمیان بارش کے 20 سے 34 فیصد امکانات ہیں جو کے بعد میں 70 سے 80 فیصد تک بڑھ جائیں گے۔
14 جون کو لاڈر ہل، فلوریڈا میں موسم کی پیشن گوئی:
10 بجے بارش کا 20 فیصد امکان
11 بجے بارش کا 20 فیصد امکان
12بجے بارش کا 34 فیصد امکان
دوپہر 1 بجے بارش کا 73 فیصد امکان
دوپہر 2 بجے بارش کا 83 فیصد امکان
امید کی جارہی ہے کہ میچ تاخیر کے بغیر شروع ہو البتہ بارش کی وجہ سے کھیل نہ ہوا تو امریکا 5 پوائنٹس لے کر اگلے مرحلے میں پہنچ جائےگا۔
امریکا کی فتح بھی آئرلینڈ اور پاکستان کو سپر 8 کی دوڑ سے باہر کردے گی لیکن اگر آئرلینڈ نے امریکا کو شکست دی تو پاکستان اور آئرلینڈ کے اگلے مرحلے میں پہنچنے کے امکانات بڑھ جائیں گے۔
پھر 16 جون کو پاکستان اور آئرلینڈ کی ٹیموں کے درمیان میچ ہوگا، پاکستان اگر آئرلینڈ کو شکست دینے میں کامیاب ہوا تو بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر وہ امریکا کو پیچھے چھوڑ دے گا اور اگلے مرحلے میں پہنچ جائےگا۔
اگر میچ میں بارش ہوئی تو بھی اسے نتیجہ خیز بنانے کے لیے دونوں اننگز میں کم از کم پانچ اوورز کا کھیل لازمی ہے جبکہ میچ کیلئے 90 منٹ کا اضافی ٹائم بھی دیا جائےگا۔