پیپلز پارٹی کے رہنما اور نامزد وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ ہم آج صوبائی اسمبلی کا حلف اٹھائیں گے اور لوگ احتجاج کرتے رہیں گے۔
سابق وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کا سندھ اسمبلی پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا میں نے پہلے ہی بتا دیا تھا کتنی سیٹیں ملیں گی، ہم نے سوچ سے بڑھ کر نشستیں حاصل کیں۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا پاکستان میں مسائل بہت ہیں مل کر حل کریں گے، آج ہم حلف اٹھائیں گے لوگ احتجاج کرتے رہیں گے۔
خیال رہے کہ سندھ اسمبلی کا اجلاس آج سابق اسپیکر آغا سراج درانی کی زیر صدارت ہو رہا ہے جس میں نومنتخب اراکین حلف اٹھائیں گے۔
دوسری جانب جی ڈی اے، جماعت اسلامی اور تحریک انصاف نے سندھ اسمبلی کے گھیراؤ کا اعلان بھی کر رکھا ہے جس کے باعث سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور اسمبلی کی طرف جانے والے تمام راستے کنٹینر لگا کر بلاک کر دیے گئے ہیں۔