نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ سے سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب محمد اسلم خان رئیسانی کا ٹیلی فونک رابطہ ، زمینداروں کوچوبیس گھنٹوں میں صرف دو گھنٹے وہ بھی سنگل فیز بجلی فراہم کرنے سے درپیش مشکلات سے آگاہ کیا، نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے نواب محمد اسلم خان رئیسانی کو زمینداروں کو درپیش مسائل کے فوری حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ وفاقی سیکرٹری توانائی کو آج طلب کرکے مسئلہ کے دیر پا حل کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق پیر کی شام چیف آف سراوان و سابق وزیراعلیٰ بلوچستان و جمعیت علماءاسلام کے مرکزی رہنماءنواب محمد اسلم خان رئیسانی سے سردار الیار بنگلزئی کی قیادت میں عزیز احمد سرپرہ، محمد افضل بدوزئی، فرید کرد ودیگر پر مشتمل زمیندار ایکشن کمیٹی کے وفد نے ملاقات کی ملاقات میں وفد نے نواب محمد اسلم خان رئیسانی کو بجلی کی عدم فراہمی کے حوالے سے درپیش مسائل سے آگاہ کیا جس پر نواب محمد اسلم خان رئیسانی نے نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے انہیں زمینداروں کو درپیش مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ بلوچستان میں زمینداروں کو چوبیس گھنٹوں میں صرف 2 گھنٹے بجلی فراہم کی جا رہی ہے.